اسلام آباد:
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارتِ داخلہ کو پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق رپورٹ جمع کروانے کے لیے مزید وقت دے دیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق عدالتی آرڈر کی خلاف ورزی پر اسلام آباد کے تاجروں کی توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت، چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ وزارتِ داخلہ کی جانب سے رپورٹ جمع کروا دی گئی ہے؟ جس پر وزارتِ داخلہ نے احتجاج سے متعلق رپورٹ جمع کروانے کے لیے وقت مانگ لیا۔
اسٹیٹ کونسل عبدالرحمٰن نے بتایا کہ رپورٹ ابھی جمع نہیں کرائی جا سکی، کچھ وقت چاہیے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کیا مسئلہ ہے رپورٹ کیوں نہیں پیش کی جا رہی؟ آپ نے بتانا ہے کہ آپ نے کیا کیا ہے، بتانا مشکل ہے؟ رپورٹ فائل کریں پتہ تو چلے کہ ہوا کیا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ اس عدالت کا سادہ سا آرڈر تھا کہ امن و امان بحال رکھنا ہے، عدالت نے آرڈر کیا تھا کہ آپ نے شہریوں کے حقوق کا خیال رکھنا ہے لیکن آپ نے اس معاملے کو اتنا پیچیدہ بنا دیا ہے۔
عدالت نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔