محکمہ موسمیات آج 9.2 شدت کے سمندری زلزلے کی فرضی مشق کررہا ہے۔
ڈائریکٹر سیسمک سینٹر کراچی امیرحیدر لغاری کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا کے سمندر میں فرضی زلزلے کے دوران باہمی رابطوں کے ذریعے معلومات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔آئی او ویوو کے نام سے کی جانے والی سونامی مشق کا شیڈول بنایا گیا ہے جس میں ریکٹر اسکیل پر 9.2 شدت کے زلزلے کی فرضی مشق کی جارہی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مشق کے دوران سونامی وارننگ سینٹر کراچی طے کردہ ایس او پی کے مطابق سونامی بلیٹنز جاری کرے گا۔ پاکستان بحر ہند کے سونامی وارننگ نظام کے بین الحکومتی رابطہ گروپ کا ایک رکن ملک ہے۔ محکمہ موسمیات پاکستان قومی سونامی وارننگ سینٹر کے طور پر ایک نامزد قومی اتھارٹی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان شمال مغربی بحر ہند مکران کوسٹ پر ٹیسٹنگ ڈرل مشق سیناریو 2 میں حصہ لےرہا ہے۔ ٹیسٹنگ ڈرل مشق کا بنیادی مقصد ساحلی برادری کو آگاہ کرنا اور سونامی کے کسی بھی ممکنہ خطرے کے لیے تیار رکھنا ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ آرگنائزیشنز/ اتھارٹی ساحلی آبادی کے مکینوں کے انخلاء کا انتظام کرے گا۔