اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر کیلئے خط سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع

اعجاز چوہدری سینیٹ کے ممبر ہیں جن کو ڈیڑھ سال سے کسی اجلاس میں پیش نہیں کیا گیا، خط کا متن


ویب ڈیسک December 11, 2024

اسلام آباد:

تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر کے لئے خط سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروادیا گیا۔ 

اعجاز چوہدری نے اپنے وکیل بابر اعوان کے ذریعے جمع کرائے گئے خط میں چیئرمین سینیٹ کو پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا کہا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اعجاز چوہدری سینیٹ کے ممبر ہیں جن کو ڈیڑھ سال سے کسی اجلاس میں پیش نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ اعجاز چوہدری کو 9 مئی 2023 کو جھلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا۔ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جبکہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں