اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں لڑکی کی پراسرار موت
اسلام آباد کے نجی ہوٹل سے لڑکی کی لاش برآمد ہوئی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں قیام پذیر23 سالہ لڑکی پراسرارحالات میں مردہ پائی گئی۔ واقعہ پمز اسپتال کے سامنے واقع نجی ہوٹل میں پیش آیا۔ میرا جانسن نامی لڑکی ایف سکس ٹو کی رہائشی تھی۔ ہوٹل کا کمرہ ایک لڑکے کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ لڑکا مقتولہ کے ہمراہ 2 روز قبل ہوٹل پہنچا تھا جو گزشتہ رات فرار ہوگیا۔ ہوٹل انتظامیہ نے شک گزرنے پر کمرہ کھولا تو لڑکی کی لاش برآمد ہوئی۔ لڑکی کے بھائی نے تھانہ مرگلہ میں مقدمہ درج کروا دیا۔
مقتولہ کے بھائی کی جانب سے درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ میری بہن کا اپنے شوہر کے ساتھ تنازع چل رہا تھا اور کیس عدالت میں ہے۔ ڈسکہ کے رہائشی علی رضا نے میری بہن کو فون کرکے بلایا اور تنازع حل کروانے کا کہا۔ دو روز بعد پولیس نے بتایا کہ میری بہن کی لاش ملی ہے۔ علی رضا میری بہن کو قتل کرکے اس کا بیگ اور موبائل بھی ساتھ لے گیا۔
پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔