تھائی لینڈ کی مشہور گلوکارہ فنگ چیاڈا سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے والے نیک ٹوئسٹنگ مساج کے دوران ہلاک ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نوجوان گلوکارہ فنگ چیاڈا کی گردن مروڑنے والے مساج کے باعث ہونے والی موت نے تھائی عوام کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں گلوکارہ کی گردن میں ہرنی ایٹڈ اسپائن ڈسک متاثر ہو کر سلپ ہوگئی تھی جو ان کی موت کی وجہ بنی۔
افسوسناک واقعہ تھائی لینڈ کے علاقے اوڈون تھانی میں پیش آیا، جہاں فنگ چیاڈا نے کندھے کے درد سے نجات کے لیے مقامی مساج سینٹر سے گردن مروڑنے والا مساج کروایا۔ گلوکارہ کی والدہ کے مطابق، ان کی بیٹی کو مساج پسند تھا اور وہ کئی دنوں سے کندھوں میں درد کی وجہ سے بےچین تھی تاہم وہ اس سے چھٹکارہ پانے کیلئے اسپتال کے بجائے مساج سینٹر چلی گئی۔
مساج کے دو دن بعد فنگ چیاڈا کو گردن میں شدید درد محسوس ہوا۔ ابتدا میں درد معمولی تھا، مگر چند روز بعد تکلیف بڑھنے لگی۔ اس نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی اپنی حالت بیان کی کہ پہلے صرف کندھوں میں درد تھا، مگر مساج کے بعد گردن کے پچھلے حصے میں تکلیف محسوس ہونے لگی ہے جو پریشان کن ہے۔
گلوکارہ کی والدہ نے بتایا کہ درد اتنا شدید ہوگیا کہ وہ بستر سے لگ گئی۔ لاعلمی کے باعث، وہ ایک بار پھر مساج سینٹر گئی، جہاں اس بار اسے جارحانہ انداز میں مساج دیا گیا۔ اس کے بعد اس کے جسم کے مختلف حصے متاثر ہوئے۔ اسپتال میں ڈاکٹروں نے معاملے کی سنگینی کو سمجھا، مگر تب تک وہ کوما میں جا چکی تھی اور جانبر نہ ہو سکی۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد ڈاکٹروں نے ٹوئسٹنگ مساج کے خطرات کے حوالے سے وارننگ جاری کی ہے تاکہ مزید ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ یہ مساج ان دنوں سوشل میڈیا پر بےحد مقبول ہو رہا ہے اور لوگ اس کی ویڈیوز دیکھ کر اس سے متاثر ہوکر یہ مساج کروا رہے ہیں۔