ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئین شپ؛ ارشد ندیم نے تیاریوں کا آغاز کردیا

لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں کوچ سلمان بٹ کی نگرانی میں ٹرینگ شروع کردی


محمد یوسف انجم December 11, 2024

پیرس گیمز کے گولڈ میڈلسٹ جویلین تھرو ایونٹ اسٹار ارشد ندیم نے ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئین شپ کی تیاریوں کا آغاز کردیا۔


اولمپئین ارشد ندیم کا اگلا ہدف اب جاپان میں ہونے والی ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیتنا ہے۔

ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئین شپ ستمبر میں شیڈول ہے، پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل پانے والے ارشد ندیم نے لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں اپنی ٹریننگ شروع کردی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اولمپکس گیمز میں اللہ نے بہت عزت دی، پوری قوم نے بہت حوصلہ افزائی کی، جس پر اللہ کا جتنا بھی شکر کروں، وہ کم ہے تاہم ابھی سفر ختم نہیں ہوا، اب ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستانی پرچم بلند کرنے کی خواہش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایوںٹ میں ابھی کافی وقت ہے، اپنی فٹنس کو بہتر بنانے پر مزید توجہ دے رہا ہوں، جانتا ہوں کہ مقابلہ بہت سخت ہوگا، اس لیے محنت بھی زیادہ کرنا پڑے گی۔

گولڈ میڈلست اتھلیٹ کے کوچ سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ روڈ ٹو جاپان پلان کے تحت ابھی سے ٹریننگ شروع کرنے سے اپنی پرفارمنس کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس سے پہلے ڈائمنڈ لیگز اور کچھ اور ایونٹس میں بھی حصہ لینا پڑسکتا ہے۔

پیرس گیمز میں ریکارڈ تھرو کے باوجود کچھ ایسی چیزیں ہیں، جن کو بہتر بنانا ہے، کوشش ہوگی کہ جاپان میں مزید دور تھرو ہوسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں