حکومت کا جی ڈی پی گروتھ بڑھانے کیلیے ’’اڑان پاکستان‘‘ منصوبہ متعارف کروانے کا فیصلہ

وزیراعظم نے پائیدار معاشی ترقی کے لیے نئے پانچ سالہ اڑان پاکستان معاشی پلان کی منظوری دے دی

گذشتہ مالی سال مقامی کھپت میں اضافہ، بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں نمایاں نموہوئی، رپورٹ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اسلام آباد:

وفاقی حکومت نے ملکی جی ڈی پی گروتھ 9.8 فیصد تک لے جانے، شرح خواندگی 70 فیصد تک بڑھانے اور غربت میں 13 فیصد تک کمی لانے کے لیے ’’اڑان پاکستان‘‘ کے نام سے نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان 2024-25 متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے پائیدار معاشی ترقی کے لیے نئے پانچ سالہ اڑان پاکستان منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف جمعہ کو خصوصی تقریب میں نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن منصوبہ جاری کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے منظور کردہ نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن منصوبے کے تحت اگلے پانچ سال میں شرح نمو نو اعشاریہ 8 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ شرح خواندگی 70 فیصد تک بڑھانے اور غربت میں 13 فیصد تک کمی لانا بھی منصوبے میں شامل ہے جبکہ سال 2035 تک پاکستانی معیشت کا حجم ایک ٹریلین ڈالرز تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

نئے پلان کا مقصد پاکستان کو پائیدار بلند معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ یہ منصوبہ برآمدات سمیت فائیو ایز فریم ورک پر مبنی ہوگا جبکہ ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل سمیت مجوزہ پلان میں ماحولیات کو بھی ترجیح دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ معاشی پلان کے تحت انفرا اسٹرکچر، ایکویٹی، ایتھکس اور لوگوں کو بااختیار بنانا ترجیحات میں شامل ہیں۔

Load Next Story