لاہور:
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے چائنا میوزیم آمد ہوئی جہاں سی پی سی میوزیم حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور وفد کو کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے ارتقا کی تاریخی سفر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سی پی سی میوزیم میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی بصری تاریخ پیش کی گئی، وزیر اعلیٰ اور وفد کو چین کی تاریخ اور انقلاب کی بصری تاریخ دکھائی گئی۔
چینی انقلاب کے روح رواں ماوز تنگ کی جدوجہد کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
برٹش آرمی سے جنگ، انقلاب روس اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کا بصری ارتقائی سفر بھی پیش کیا گیا جبکہ کیمونسٹ پارٹی کے قیام سے موجودہ صدر شی جن پنگ کے منصب سنبھالنے تک تمام تاریخی واقعات سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سی پی سی میوزیم میں ڈیجیٹل ہسٹری کو سراہتے ہوئے میوزیم میں رکھی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
اس موقع پر، مریم نواز نے کہا کہ چین کی تاریخ کا بصری مشاہدہ غیر معمولی اور یادگار تجربہ ہے، چین نے دنیا کی تاریخ کا غیر معمولی معجزہ کر دکھایا۔ کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کی 130سالہ تاریخ کا عکس سی پی سی میوزیم میں بھرپور نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیمونسٹ پارٹی کے ارتقا نے ناصرف چین بلکہ پوری دنیا کو بدل دیا ہے، ناصرف پاکستانی بلکہ پوری دنیا میں چین میں آنے والی گراں قدر تبدیلی سے مستفید ہو رہی ہے۔ چین کے عوام نے ترقی و خوشحالی کے لیے قابل تقلید کاوشیں کیں۔ چین نے ثابت کر دیا اگر قیادت مخلص ہو اور ترقی کا عزم پختہ ہو تو کوئی طاقت ترقی سے نہیں روک سکتی۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ چین کی ترقی اور خوشحالی ترقی پذیر ممالک کے لیے قابل تقلید ماڈل ہے، ترقی کے سفر میں چین کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
سی پی سی میوزیم میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے دیوار گیر میورل کے سامنے تصاویر بنوائیں جبکہ چینی قیادت کے مجسموں میں اظہار دلچسپی بھی دکھائی۔ انہوں نے چین کے قدیمی ادوار میں زیر استعمال اشیاء کا بھی مشاہدہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے چینی قیادت کے مجسماتی اجلاس کو دیکھ کر حیرت اور خوشی کا اظہار کیا جبکہ سی پی سی کی پہلی نیشنل کانگریس کی سائٹ بھی دیکھی۔ سی پی سی میوزیم میں چین اور شنگھائی شہر کی تاریخی اور چینی کمیونسٹ پارٹی کی بنیاد کے واقعات کے بارے میں تاریخی حقائق کو یکجا کیا گیا۔