کراچی:
تھانہ مومن آباد پولیس نے اپنی والدہ کو قتل کرنے والے دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزمان نے 5 دسمبر 2024 کو گھر میں اپنی والدہ عزت پری کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا تھا۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کرکے ملزم خلیل زادہ ولد امیر زادہ کو گرفتار کیا۔
مزید پڑھیں: جائیداد کیلئے ماں کو قتل کرنے والے بیٹے کے سنسنی خیز انکشافات
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا بڑا بھائی مختیار بھی قبل از گرفتار ہوچکا ہے اور زیر تفتیش ہے، دونوں ملزمان سگے بھائی ہیں جنہوں نے جائیداد کے تنازع پر اپنی والدہ کو قتل کیا تھا، گرفتار ملزم کو مزید قانونی کاروائی کے لئے تفتیشی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 5 دسمبر کو اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی میں پریشان چوک کے قریب گھر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی تھی جسے پولیس نے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا تھا، مقتولہ کی شناخت 40 سالہ عزت پری زوجہ میر زادہ کے نام سے کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: بیٹوں نے جائیداد کے لالچ میں ماں کو رسی سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا
ایس ایچ او مومن آباد شہبازیوسف کے مطابق مقتولہ 5 بیٹوں اور 3 بیٹیوں کی ماں تھی اور 5 ماہ قبل مقتولہ کے شوہرمیرزادہ کا انتقال ہو گیا تھا جس کے بعد گھرمیں جائیداد کے تنازع پر جھگڑے شروع ہو گئے تھے۔
5 دسمبر جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے 8 بجے کے قریب مقتولہ کے سگے بیٹوں خلیل اورمختیار نے اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کو گھر سے باہر بھیجا اوررسی کی مدد سے اپنی ماں کا گلا گھونٹا اور قتل کردیا۔ دونوں بھائی سگی ماں کو قتل کرنے کے بعد موقع سے فرارہو گئے تھے، مقتولہ خاتون کا آبائی تعلق کے پی کے سے تھا۔