لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن کی غزہ کے لیے سپلائی بحال ہو گئی ہے، جس کے بعد امدادی سامان کی نئی کھیپ اہل غزہ کے لیے روانہ کردی گئی ہے۔
مرکزی صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ جورڈن رائل میڈیکل سروسز اور اُردن میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے امدادی سامان کی نئی کھیپ متاثرین کے لیے اُردن سے غزہ کے لیے روانہ کردی گئی ہے۔
اہل غزہ کے لیے ارسال کیے گئے امدادی سامان میں ادویات اور فوڈآئٹم شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اب تک غزہ کے لیے مجموعی طور پر 20 کنسائنمنٹ روانہ کر چکی ہے جس میں 15 فضائی راستے سے، 3 سمندر کے راستے اور 2 بذریعہ سڑک کنسائنمنٹس شامل ہیں۔
اِن کنسائنمنٹس میں فوڈ پیکیج، فوڈ کین، آٹا، چاول، پانی ، ادویات، ہائی جین کٹس، ڈلیوری کٹس، بے بی کٹس، خیمے، ونٹر پیکیج، فیملی پیکیج، کمبل اور میٹرس شامل ہیں۔
اِس کے علاوہ الخدمت نے مصر اور پاکستان میں فلسطینی طلبہ وطالبات کی تعلیمی معاونت کے ساتھ غزہ سے فلسطینی بچوں کو پاکستان میں مختلف جامعات میں داخلے کا اہتما م بھی کیا ہے ۔ اب تک ان امدادی سرگرمیوں پر ساڑھے4 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔
صدر الخدمت نے کہا کہ اہل پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کوتنہانہیں چھوڑیں گے اوران کی ہر ممکن امداد کاسلسلہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں تیزی کے باعث غزہ تک امدادی سامان پہنچانے میں عارضی تعطل آیا تھا، جسے الخدمت ٹیم نےمسلسل کوششوں کے بعد پارٹنرزکے ذریعے دُورکردیا اورایک بارپھرغزہ کے لیے امدادی سامان روانہ ہونے کاسلسلہ شروع ہوگیا ہے۔