ساؤتھ انڈین اداکار سدھارتھ سوریہ نارائن کو اپنی حالیہ متنازعہ رائے کے باعث مداحوں کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے "پشپا 2: دی رول" کے ٹریلر لانچ پر جمع ہونے والے ہزاروں مداحوں کے ہجوم کو سیاسی جلسوں سے تشبیہ دی۔
پٹنہ میں منعقدہ ٹریلر لانچ ایونٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے سدھارتھ نے کہا، "ہمارے ملک میں جے سی بی کھدائی دیکھنے کے لیے بھی لوگ جمع ہو جاتے ہیں۔ تو بہار میں الو ارجن کو دیکھنے کے لیے لوگ جمع ہونا کوئی بڑی بات نہیں۔ یہاں ہجوم کا مطلب معیار نہیں ہوتا۔ اگر ایسا ہوتا تو تمام سیاسی جماعتیں کامیاب ہوتیں۔ یہ تو بریانی کے پیکٹ اور کوارٹر بوتل کی بات ہے۔"
یہ بیان جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور "پشپا" کے مداحوں نے سدھارتھ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کئی صارفین نے انہیں حسد کرنے والا اور منفی سوچ رکھنے والا قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا، "یہ ہمیشہ منفی باتیں کرتا ہے۔" دوسرے نے کہا، "شمال میں تو کوئی سدھارتھ کو جانتا بھی نہیں، یہ صرف حسد بول رہا ہے۔"
اس کے باوجود "پشپا 2: دی رول" نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ سکمار کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم نے عالمی سطح پر 94.5 ملین ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا، جن میں سے 33.7 ملین ڈالرز صرف ہندی ورژن سے حاصل ہوئے ہیں۔
فلم میں الو ارجن کے کردار پشپا راج کی کہانی کو مزید گہرائی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، جس میں فہد فاضل اور راشمیکا مندانا جیسے ستارے بھی شامل ہیں۔