لاہور کے علاقے مغلپورہ میں ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے پر موٹر سائیکل سوار کو 1 لاکھ 54 ہزار روپے کا جرمانہ کر کے بائیک تھانے میں بند کردی گئی، یہ اب تک کا کسی بھی موٹرسائیکل سوار کا کیا گیا سب سے بڑا جرمانہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے مسلسل 73 بار ہیلمٹ کی خلاف ورزی کی جبکہ 9 مرتبہ ٹریفک سگنل، 3 مرتبہ ون وے اور 1 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی کی ہے۔
موٹرسائیکل سوار کو 86 مرتبہ خلاف ورزی پر 01 لاکھ 54 ہزار روپے کا جرمانہ کر کے موٹرسائیکل کو تھانے بند کروادیا گیا جبکہ چالان جمع کروانے کے بعد موٹرسائیکل حوالے کی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ ٹریفک رولز کی خلاف ورزیوں پر ای چلاننگ کا سلسلہ جاری ہے اور آرٹیفشل انٹیلیجینس سسٹم سے بلاتفریق کارروائیاں کی جارہی ہیں جبکہ سیف سٹی کو پولیس خدمت مراکز اور ڈرائیونگ لائسنس ایشوینس مینجمنٹ سسٹم سے انٹیگریڈ کردیا گیا، منظم ٹریفک کے لیے شہریوں کو ٹریفک قوانین کا احترام کرنا ہوگا۔