وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے سب سے بڑے صنعتی شہر شنگھائی میں قائم جنکو سولر کمپنی کا دورہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شنگھائی میں جِنکو سولر کمپنی کا دورہ کیا جہاں انہیں اور ٹیم کو کمپنی کی سولر ٹیکنالوجی اور معیاری مصنوعات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر چین اور پنجاب کے درمیان سولر ٹیکنالوجی کی منتقلی اور معلومات کے تبادلے پر زور دیا گیا جبکہ جنکو سولر کمپنی کو پنجاب میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی پیشکش بھی کی۔
مزید پڑھیں: مریم نواز کا شنگھائی میں انڈسٹریل زون کا دورہ، ای کامرس شعبے میں گہری دلچسپی کا اظہار
وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب کی ٹیم سولر مینوفیکچرنگ پلانٹ کے لئے ورکنگ کرے گی جبکہ کمپنی پنجاب میں چارجنگ اسٹیشن بھی قائم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں قابلِ تجدید اور سستی سولر انرجی کے منصوبے کے عزم کا اظہار کیا اور جنکو کمپنی کو سولر ٹیکنالوجی کے فروغ کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے جِنکو سولر کو پنجاب میں گرین انرجی منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت دی اور کہا کہ پنجاب میں عوام کے لئے سولر پینل میگا پراجیکٹ شروع ہوچکا ہے، توانائی کی طلب اور ماحولیاتی مسائل کے پیشِ نظر پنجاب کے لئے سولر انرجی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، خصوصاً پنجاب میں شمسی توانائی کی پیداوار کے بہترین مواقع موجود ہیں، سولر توانائی استعمال میں لا کر روایتی ایندھن پر انحصار کم کریں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سولر انرجی سے بجلی کے اخراجات میں کمی اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو بھی کم کر سکتے ہیں، حکومت پنجاب عوام کو سستی اور پائیدار توانائی فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے میوزیم کا دورہ، تصاویر بھی بنوائیں
اسے بھی پڑھیں: چینی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری پر ترجیحاً سہولیات دی جائیں گی، مریم نواز
مریم نواز نے مزید کہا کہ عوامی اداروں، رہائشی علاقوں اور دیہی کمیونٹیز کو سولر انرجی فراہم کریں گے، پنجاب کو قابلِ تجدید توانائی کا مرکز بنانا ہمارا عزم ہے۔