انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر آج کتنا مہنگا ہوا؟
زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان جاری، انٹربینک مارکیٹ میں ریٹ 278 روپے سے بڑھ گئے۔
بین الاقوامی سطح پر دیگر اہم عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 2ہفتے کی بلند سطح پر آنے اور مقامی سطح پر شرح سود میں کمی سے ڈالر کی طلب کے ساتھ قدر بڑھنے جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں بدھ کو دوسرے دن بھی ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک سے پاکستان میں پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم میں بہتری اور سماجی تحفظ پروگرام دو منصوبوں کے لیے 530ملین ڈالر کی فنانسنگ منظور ہونے، عالمی بینک کی جانب سے کراچی کے واٹر اینڈ سیوریج پروگرام کے لیے 24کروڑ ڈالر مالیت کے قرضے کی منظوری جیسی مثبت اطلاعات کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں نے نظرانداز رکھا۔
یہی وجہ ہے کہ انٹربینک مارکیٹ میں سپلائی میں بہتری اور درآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 11پیسے کے اضافے سے 278روپے 16پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 08پیسے کے اضافے سے 279روپے 11پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
پاکستان میں خدمات انجام دینے والی کثیرالقومی کمپنیوں کی جانب سے بھی زرمبادلہ کی ڈیمانڈ برقرار رہی جنہوں نے کمائے گئے منافع کو زرمبادلہ کی صورت میں اپنے کوارٹرز کو بھیجنے کے لیے زرمبادلہ حاصل کیا اور انہی عوامل کے سبب ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی۔