کیا آپ دنیا کے امیر ترین مسلمان کو جانتے ہیں؟ حیرت انگیز معلومات

پاکستان امیر ترین مسلم ممالک میں شامل نہیں ہے لیکن انفرادی طور پر تعلق بنتا ہے


ویب ڈیسک December 11, 2024
متحدہ عرب امارات اور روس سے تعلق رکھنے والے دو افراد سرفہرست ہیں—فوٹو: فائل

WASHINGTON:

دنیا کے امیر ترین شخص کے بارے میں آئے روز خبریں، مضامین اور دیگر معلومات سامنے آتی رہتی ہیں اور ہم سب جانتے ہیں کہ الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسٹار لنک کے مالک ایلون مسک 355.2 ارب ڈالر کے دولت کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔

ایلون مسک کو امریکا کے حالیہ صدارتی انتخاب میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیاب مہم کا حصہ بننے پر مزید شہرت ملی جبکہ ان کی دولت کو بھی پر لگ گئے حالانکہ انہوں نے مہم میں بڑا پیسہ خرچ کیا تھا۔

دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص اس وقت ایمیزون کے مالک جیف بیزوز ہیں، جن کی دولت کا حجم 239.9 ارب ڈالر ہے اور وہ ایلون مسک سے کسی زمانے میں معمولی فرق سے پیچھے تھے۔

دنیا کے امیر ترین افراد کے بارے میں تو ہر کوئی جانتا ہے لیکن مسلم دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست پہلے مرتبہ سامنے آگئی ہے اور پہلے نمبر پر ایک ایسے ملک سے تعلق رکھنے والے شخص ہیں، جہاں معیشت کی حالت دگرگوں ہے اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) اپنی سخت شرائط کے عوض صرف دو ارب ڈالر تک قرض فراہم کر رہا ہوتا ہے۔

آئیے جانتے ہیں دنیا کے10 امیر ترین مسلمانوں کے نام اور ان کی دولت کا حجم اور ان کا تعلق کہاں سے ہے گوکہ ان شخصیات کی دولت ایلون مسک اور جیف بیزوز کی طرح سیکڑوں ارب ڈالر نہیں ہے تاہم مسلمان شخصیات میں سرفہرست ہیں۔

دنیا کے امیر ترین مسلمان شخصیت سے پاکستان کا نام جڑا ہوا ہے اور وہ امریکی شہریت حاصل کرنے والے مشہور کاروباری شاہد خان ہیں اور ان کی دولت کا حجم 13.6 ارب ڈالر ہے۔

شاہد خان 16 سال کی عمر میں پاکستان سے امریکا ہجرت کی تھی اور اپنی ساری دولت امریکا میں بنائی اور اس وقت مسلمان شخصیات میں دولت کے تناسب میں سب پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

دوسرے نمبر پر بھارت سے تعلق رکھنے والے عظیم ہاشم پریم جی ہیں، جن کی دولت 12 ارب ڈالر ہے اور وہ وائپرو لمیٹڈ کے بانی ہیں۔

تیسرے نمبر پر روسی مسلمان سلیمان کریموف ہیں، ان کی دولت کا مجموعی حجم 10.7 ارب ڈالر ہے۔

روس سےتعلق رکھنے والے اسکندر مخمدوف چوتھے نمبر پر ہیں اور ان کا آبائی تعلق ازبکستان سے ہے اور 8.3 ارب ڈالر جائیداد کے مالک ہیں۔

عرب ممالک کا بطور ریاست دنیا کی امیرترین ریاستوں میں شمار ہوتا ہے اور انفرادی سطح پر پانچویں پوزیشن متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے ایم اے یوسف کی ہے اور ان کی جائیداد 7.8 ارب ڈالر مالیت کی ہے۔

ایم اے یوسف اس وقت ابو ظہبی میں مقیم ہیں تاہم ان کا آبائی ملک بھارت ہے۔

متحدہ عرب امارات کے حسین سیجوانی 5.1 ارب ڈالر دولت کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

ترکی بھی اس فہرست میں شامل ہے اور ساتویں نمبر پر ترک کاروباری شخصیت مورات اولکر ہیں، جن کی دولت 5.1 ارب ڈالر ہے۔

قازقستان سے تعلق رکھنے والے تیمور کولیبایوف رواں برس 5 ارب ڈالر دولت کے ساتھ آٹھوین نمبر پر ہیں۔

نائیجیریا کے عبدالصمد رابیو 5.2 ارب ڈالر دولت کے ساتھ نویں نمبر پر ہیں۔

امیر ترین مسلم شخصیات کی فہرست میں دسویں نمبر پر متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے عبداللہ بن احمد الغریر ہیں اور ان کی دولت کا حجم 3.9 ارب ڈالر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں