وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ ملائیشیا کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کا سلسلہ جاری ہےاینڈی ایم اے نے دوسری امدادی کھیپ کی روانگی کی تقریب کا اہتمام کیا آج رات خصوصی طیارہ امداد لیکر اسلام آباد سے کوالالمپور کے لیے روانہ ہو گا۔
وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان امور انجینئر امیر مقام اور پاکستان میں ملائیشیا کے سفارت خانے کے حکام نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روانگی کی تقریب میں شرکت کی جہاں این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔
روانہ کی گئی 40 ٹن امدادی سامان کی کھیپ میں ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کی موجودہ ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے امدادی سامان میں خیمے، کمبل، لحاف، بستر اور لائف جیکٹس شامل ہیں جبکہ وفاقی وزیر نے ملائیشیا میں سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چونکہ خود بھی قدرتی آفات کی زد میں ہے اور ایسی ہنگامی صورت حال میں پیدا ہونے والے مسائل سے بھی واقف ہے لہٰذا ملائیشیا کے ساتھ بحالی کے اس سفر میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
انہوں نے این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بروقت سامان کی ترسیل اور روانگی کے عمل کو سراہا جبکہ ملائشیا کے سفارت کار نے فوری امداد فراہمی پر پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔