وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے گورننس کی بہتری کے لیے نئے تعینات شدہ ماہرین نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔
اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی ملاقات میں نئے تعینات شدہ افسران کے تعارف کے ساتھ ساتھ ان کو ان کی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ یہ ماہرین اپنے شعبہ جات میں حکومت کو ماہرانہ و تنقیدی رائے اور جائزہ دیں گے جس سے مختلف سیکٹرز میں بہتر فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورننس کی بہتری کے لیے ماہرین کی تعیناتی سے فیصلہ سازی کے عمل میں بہتری آئے گی اور عوامی مفاد کے اہم فیصلوں کی ماہرین کی رائے اور تنقیدی جائزے کے بعد منظوری سے دور رس مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ انتہائی قابل مسرت امر ہے کہ ہم باصلاحیت اور اپنے شعبوں میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے والے لوگوں کی خدمات سے مستفید ہوں گے اور آپ سب پر ملکی امور کی فیصلہ سازی میں ماہرانہ رائے اور تعمیری سوچ شامل کرنے کی اہم ذمہ داری ہے
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کے ہر شعبے میں بہتری کے لیے اصلاحات کا ایجنڈا نافذ کر رہی ہے دور جدید میں ڈیجیٹائزیشن، خودکار نظام اور فیصلہ سازی میں بہتری ہی ترقی و خوشحالی کے ضامن ہیں، انہوں نے کہا کہ پر امید ہوں کہ آپ اپنی ذمہ داریاں انتہائی احسن طریقے سے سر انجام دیں گے۔