ہمیں 2018 کے مینڈیٹ پر حکومت کرنے دو، پھر 2024 کا مینڈیٹ پی ٹی آئی واپس لے لے، اسحاق ڈار کی پیش کش
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیش کش کی ہے کہ پی ٹی آئی ہمیں 2018 کا مینڈیٹ واپس دے اور حکومت کرنے دے پھر 2024 کا الیکشن لے لے۔
قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو بیجا جائے وہ کاٹنا پڑتا ہے، پی ٹی آئی 2024 کے ساتھ 2018 کے الیکشن کی بھی بات کیا کرے، 8 فروری کے الیکشن کے کوئی ایشوز ہیں تو عدالتیں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ 2018 کا مینڈیٹ ہمارا واپس کردیں، ہم اس کو لے کر اپنی ٹرم لے لیں اور پھر آپ 2024 کا الیکشن لے لیجئے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے آپ کا نامزد کردہ بندہ چیف الیکشن کمشنر لگایا اور جسے عمران خان چاہتے تھے اُسے ہم نے چیئرمین نادرا لگایا۔
انہوں نے کہا کہ اگر 2024 کے الیکشن کا سینٹر پر اثر پڑا تو پھر 2018 کا بھی پڑا ہوگا۔ نا انہوں نے 18میں کیا ہوگا نا ہم نے 2024 میں کیا ہوگا، جو 2018میں ہوا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ کیا بشیر میمن کو بلاکر نہیں کہا گیا کہ ان کیخلاف کیس بناؤ، حکومت نے کسی کو کسی کیخلاف کوئی مقدمہ بنانے کا نہیں کہا۔
انہوں نے سوال کیا کہ صرف ڈی چوک کو احتجاج کیلئے کیوں چنا گیا، سنگجانی کا علاقہ آفر بھی کیا گیا لیکن وہاں نہیں گئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ 14اکتوبر کو چینی وزیراعظم نے آنا تھا اور انہوں نے اسی دن احتجاج کا اعلان کیا، 27سال بعد ایس سی او کانفرنس ہورہی تھی اور انہوں نے احتجاج کا اعلان کیا۔
اسحاق ڈار کے مطابق چینی سفیر نے مجھے آکر کہا کہ آپ ان سے احتجاج تین دن کیلیے مؤخر کرنے کی درخواست کریں، جس پر میں نے کہا آپ پی ٹی آئی لیڈرز سے جاکر بات کرلیں۔ چینی سفیر نے عمران خان سے جاکر بات بھی کی لیکن احتجاج موخر نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ایس سی او کانفرنس پر بڑے پن کا ثبوت دیا، کے پی کے گیارہ سینیٹرز کے الیکشن نا ہونا افسوسناک ہے۔