پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک اور اچھی خبر آگئی، یورپی یونین کے بعد برطانیہ کی پروازیں کھلنے کی بھی راہ ہموار ہوگئی۔
ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار کے مطابق رواں ماہ دسمبر کے تیسرے ہفتے میں بھی ایک آن لائن میٹنگ شیڈول ہے جبکہ برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کا وفد اگلے ماہ پاکستان آئے گا، یورپی یونین نے جو ہماری ویلیویشن کی ہیں اسی لائن پر برطانوی بھی ہماری اسیسمنٹ کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ جنوری میں برطانوی دورہ شیڈول ہے اور دورے سے واپسی میں چند ہفتوں میں برطانیہ کی پروازیں بھی کھلنے کی امید ہے انہوں نے کہا کہ امید ہے برطانیہ کے لیے پروازیں مارچ سے شروع ہوجائیں گی، یورپی یونین میں ہمارے بہت اچھے نتائج ہیں اور امید ہے جلد برطانیہ کی پروازیں بھی شروع ہوجائیں گی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان سے برطانیہ کے لیے ہفتہ وار 21 پروازیں چلائی جاتی تھیں جن میں سے لندن کے لیے 10 پروازیں جبکہ مانچسٹر کے لیے 9 اور برمنگھم کے لیے 2 پروازیں چلائی جاتی تھیں۔
ترجمان کے مطابق یورپ اور برطانیہ کی پروازیں کھلنے سے قومی ایئر لائن کے ریونیو میں زبردست اضافے کا امکان ہے۔