وزیراعلیٰ گنڈا پور کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے سیکیورٹی فورسز کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کاروائیوں میں لانس نائیک محمد امین کی شہادت پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے تعزیت کا اظہار اور شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
علی امین گنڈا پور نے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیاں کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ملک و قوم کی خاطر جانیں دینے والے جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کی ان لازوال قربانیوں پر فخر ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔