وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت اسپیشل انوسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا 11واں اجلاس منعقد ہوا جس میں معاشی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 11ویں اجلاس میں وفاقی وزراء، وفاقی سیکریٹریز، صوبائی چیف سیکریٹریز اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران نے شرکت کی۔
ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اہم شعبوں اور منصوبوں کی پیش رفت کا جامع جائزہ لیا گیا جبکہ پالیسی سطح پر معاملات تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔
کمیٹی نے عالمی کنسلٹنٹس کے ذریعے وزارتوں اور محکموں کو فراہم کی جانے والی مشاورتی معاونت کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور دوست ممالک کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی تکمیل اور سرمایہ کاری کے فرو غ کے لیے منصوبے پیش کیے گئے۔
اجلاس میں تمام متعلقہ وزارتوں کو پیش رفت تیز کرنے کے احکامات دیے گئے جبکہ متعلقہ شعبوں کے امور پر اتفاقِ رائے اور نئی حکمت عملی مرتب کی گئی، ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی کاوشیں تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔