’’پاکستان کے مسائل کا حل بہرحال پارلیمنٹ سے نکلنا ہے‘‘

مسئلے کا حل مذاکرات اور بات چیت ہی میں ہے راستہ یہیں سے نکلے گا


مانیٹرنگ ڈیسک December 12, 2024

لاہور:

گروپ ایڈیٹر ایکسپریس ایاز خان کا کہنا ہے کہ جہاں تک 9 مئی کی بات ہے یہ میرا پہلے دن سے موقف ہے کہ اگر اس ملک نے ٹریک پر واپس آنا ہے تو ریاست کو9 مئی سے آگے بڑھنا پڑے گا، جب تک ہم اس میں پھنسے رہیں گے ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ایکسپرٹس میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس ملک میں پک اینڈ چوز ہی ہوتا ہے جہاں تک مذاکرات کی بات ہے تو راستہ تو مذاکرات سے ہی نکلے گا۔

تجزیہ کار فیصل حسین نے کہا کہ 9 مئی کو فراموش کر دیا جائے گا لیکن کیا نہیں جانا چاہیے اگر اسے فراموش کر دیا جائے گا تو یہ اس ملک کا ایک المیہ ہو گا جہاں تک مذاکرات کی بات ہے تو مسئلے کا حل مذاکرات اور بات چیت ہی میں ہے راستہ یہیں سے نکلے گا۔

تجزیہ کار عامر الیاس رانا نے کہا کہ پی ٹی آئی کہہ رہی ہے کہ ہم بات کرنے کو تیار ہیں کمال ہے یعنی جو چور ڈاکو تھے کل انسان تھے اور آج بات کر رہے ہیں، بہت اچھی بات ہے پاکستان کے مسائل کا حل بہرحال پارلیمنٹ سے نکلنا ہے۔

تجزیہ کار نوید حسین نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں، اگرمذاکرات ہو رہے ہوتے تو دو طرح کی چیزوں پر زور نہ دیا جا رہا ہوتا، حکومتی وزرا کے بیانات دیکھیں تو کہیں سے بھی نہیں لگتا کہ وہ سیاسی درجہ حرارت اورہیجان کو کم کرنے کی کسی بھی طرح کی کوشش کر رہے ہیں۔

تجزیہ کار محمد الیاس نے کہا اگر مذاکرات ہو رہے ہیں تو یہ دیکھنا چاہیے کہ کیا پی ٹی آئی نے مذاکرات کے لیے جو شرائط رکھی تھیں وہ واپس لے لی ہیں، اگر مذاکرات ہو رہے ہوتے تو کوئی نہ کوئی چیزیں سامنے ضرور آتیں، کیا حکومت ان کا مینڈیٹ کا مطالبہ مان کر حکومت چھوڑ دے گی؟۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں