ہمایوں سعید کونسی اداکارہ کے ساتھ جوانی پھر نہیں آنی 3 بنانے والے ہیں؟

مرد یا عورت کسی بھی عمر میں مرکزی کردار ادا کر سکتے ہیں، ہمایوں سعید

پاکستان کے معروف اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے مشہور فلم جوانی پھر نہیں آنی کا تیسرا حصہ اپنی ہم عمر اداکارہ کے ساتھ بنانے کا عندیہ دے دیا۔

کراچی میں ہونے والے 17ویں انٹرنیشنل اردو کانفرنس کے دوران ہمایوں سعید نے اپنی فلمی اور ڈرامہ انڈسٹری میں خدمات کے حوالے سے بات چیت کی اور انڈسٹری میں مزید کام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر ہمایوں سعید نے اپنی کامیاب فلموں جیسے پنجاب نہیں جاؤں گی، جوانی پھر نہیں آنی اور  لندن نہیں جاؤں گا کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

کانفرنس کے دوران ہمایوں سعید سے پوچھا گیا کہ انڈسٹری میں مردوں کے لیے ہیرو کے کردار ادا کرنے کی عمر کی کوئی حد نہیں جبکہ خواتین اداکاراؤں کو مخصوص عمر کے بعد مرکزی کرداروں میں کم مواقع ملتے ہیں اس پر ان کی کیا رائے ہے۔

اس سوال کے جواب میں ہمایوں سعید نے کہا کہ وہ لیڈنگ کرداروں کو عمر کے ساتھ نہیں جوڑتے اور ان کے نزدیک مرد یا عورت کسی بھی عمر میں مرکزی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اپنی ہم عمر اداکاراؤں، جیسے ثانیہ سعید، سعدیہ امام یا نادیہ جمیل کے ساتھ ’جوانی پھر نہیں آنی‘ جیسی فلم بنا سکتے ہیں، تو ہمایوں سعید نے کہا کہ ایسا ممکن ہے اور وہ اس خیال کو حقیقت میں بھی بدل سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ لالی ووڈ سمیت بالی ووڈ میں بھی یہ رواج قائم ہے کہ اداکاراؤں کو لیڈنگ رول اور ہیروئن کا رول عمر کی ایک حد تک ہی میسر ہوتا ہے جبکہ مرد اداکاروں کو 50 اور 60 کا ہونے کے باوجود بھی بطور ہیرو لیڈنگ کردار دے دیا جاتا ہے۔

Load Next Story