مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی اڈے میں ایک اہلکار کی گولی لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ جنت نظیر وادی کے ضلع راجوڑی میں پیش آیا جہاں بھارتی فوجی اڈے میں گولی چلنے کی آواز سے افراتفری مچ گئی۔
بھارتی فوج کے افسران اور اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو وردی میں ملبوس فوجی کو خون میں لت پت پایا جب کہ سرکاری رائفل بھی قریب ہی پڑی تھی۔
اہلکار کو ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی موت کی تصدیق کردی گئی۔ خودکشی کرنے والے اہلکار کی شناخت اندیش کمار کے نام سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے تصدیق ہوتی ہے کہ اہلکار نے خودکشی کی ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں خوف، ذہنی دباؤ اور پست ہمتی کے باعث بھارتی فوجیوں میں خودکشی کے واقعات عام ہیں۔