سول اسپتال کراچی میں کینسر ادویات کی چوری کو بے نقاب کرنے والے افسر پر قاتلانہ حملہ
کراچی: ملیرکینٹ جناح ایونیومیمن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب موٹرسائیکل سوار2 نامعلوم مسلح ملزمان نے گاڑی پرفائرنگ کرکے گاڑی میں سوار36 کروڑ روپے مالیت کی کینسر ادویات کا اسکینڈل بے نقاب کرنے والے سول اسپتال کے آئی ٹی انچارج کو شدید زخمی کردیا۔
ملیرکینٹ جناح ایونیومیمن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب موٹرسائیکل سوار2 نامعلوم مسلح ملزمان نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی اورفرارہوگئے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوارسول اسپتال کراچی کے آئی ٹی انچارج 35 سالہ زیاد احمد خان ولد انیس احمد خان شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس ایچ اوملیرکینٹ آغا رشید نے ایکسپریس کو بتایا کہ سول اسپتال کراچی کے آئی ٹی انچارج زیاد احمد خان پرفائرنگ کا واقعہ بدھ کی شب جناح ایونیومیمن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب پیش آیا۔
زیاد احمد خان بدھ کی شام سوا چھ بجے کے قریب اپنی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد دفترسے اپنے دوسرے دوست ڈاکٹرسنجے کے ساتھ اپنی گاڑی رجسٹریشن نمبربی زید ایس 098 میں سوارہوکر اسکیم 33 میں واقع نجی سوسائٹی میں اپنی رہائش گاہ جانےکے لیے نکلے تھے ملیرکینٹ ٹینک چوک پرانھوں نےاپنے ساتھی ڈاکٹر سنجے کو اتارا اوربراستہ جناح ایوینیو اسکیم 33 جا رہے تھےکہ میمن کو آپریٹیوسوسائٹی کے سامنے تقریباً سوا آٹھ بجے کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے ان کی گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کردی اور فرارہوگئے۔
انھوں نے بتایا کہ مسلح ملزمان کی جانب سے زیاد احمد خان کی گاڑی پر 7 سے 8 گولیاں چلائی گئیں جبکہ زیاد احمد خان کوسینے ، پیٹ اور بازو پر تین گولیاں لگیں اوروہ شدید زخمی ہو گئے۔
زیاد احمد زخمی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے قریبی نجی اسپتال پہنچے۔ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوع سے گولیوں کے خول سمیت دیگر واقعاتی شواہد اکٹھا کرکے پولیس کے حوالے کردیے۔
سول اسپتال کراچی سے 36 کروڑکی کینسر ادویات چوری 2 ملازمین کیخلاف مقدمہ درج
ایس ایچ او نے بتایا کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے زیاد احمد خان کی حالت خطرے سے باہرہے اورپولیس نے زیاد احمد خان کے بھائی سعید احمد خان کی مدعیت میں نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق زیاد احمد نے 36 کروڑ روپےمالیت کی کینسرادویات چوری کا اسکینڈل بے نقاب کرنے میں اہم کردارادا کیا تھا۔
زیاد احمد کو اسکینڈل میں ملوث افراد سے متعدد باردھمکیاں موصول ہو چکی تھیں، فائرنگ کے واقعے کے بعد سول اسپتال کے عملے میں تشویش پائی جاتی ہے۔