بھارت میں رنگ گورا کرنے کی کریم بنانے والی کاسمیٹک کمپنی کے خلاف دائر مقدمے کا فیصلہ بالآخر 11 سال بعد سنا دیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں نکھل نامی شخص نے 11 سال قبل رنگ گورا کرنے والی کریم کا اشتہار دیکھا جس میں معروف اداکار شاہ رخ خان تھے۔
اشتہار میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صرف تین ہفتوں میں یہ کریم آپ کا رنگ صاف کردے گی۔
اپنے پسندیدہ اداکار کو دیکھ کر اور رنگ گورا کرنے کا دعویٰ سن کر نکھل نے بھی کریم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔
نئی دہلی کے رہائشی نکھل نے رنگ گورا کرنے والی کریم کو مسلسل تین ہفتے استعمال کیا لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
جس پر نکھل نے رنگ گورا کرنے والی کمپنی پر 2013 میں مقدمہ کردیا۔ گیارہ سال تک کمپنی اور صارف کے درمیان درخواست در خواست اور قانونی چارہ جوئی چلتی رہی۔
تاہم اب کنزیومر کورٹ نے کمپنی کے اشتہار کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی کا تین ہفتوں میں رنگ گورا کرنے کا دعویٰ جھوٹا تھا۔
عدالت نے صارف کو گمراہ کرنے کے الزام میں کمپنی کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے 15 لاکھ جرمانہ عائد کردیا۔
جن میں سے 50 ہزار صارف یعنی نکھل کو دیے جائیں گے جب کہ 14 لاکھ 50 ہزار کنزیومر کورٹ میں جمع ہوں گے۔
علاوہ ازیں عدالت نے کمپنی کو یہ حکم بھی دیا کہ قانونی اخراجات کی مد میں صارف نکھل کو 10 ہزار روپے بھی ادا کرے۔