ڈی چوک میں جاں بحق اور زخمی کارکنوں کے اخراجات کے پی حکومت اٹھائے گی، ترجمان

اب تک ہونے والے تمام جلسوں کے اخراجات وزیراعلیٰ علی امین نے ذاتی جیب سے ادا کیے ہیں، ترجمان علی امین گنڈاپور

پشاور:

خیبرپختوا (کے پی) کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ترجمان نے کہا ہے کہ اب تک ہونے والے تمام جلسوں کے اخراجات وزیراعلیٰ نے ذاتی جیب سے اداکردیے ہیں تاہم ڈی چوک میں شہید ہونے والے اور زخمیوں کو ادائیگی صوبائی حکومت کے خزانے سے ہوگی۔

وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے ترجمان فراز مغل نے بیان میں کہا کہ اب تک ہونے والے تمام جلسوں کے اخراجات، ٹرانسپورٹ، خوراک اور کرینوں کے انتظامات علی امین نے ذاتی جیب سے ادا کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسوں کے اخراجات اور کارکنوں کی ضمانتوں کے لیے مچلکے اور زخمیوں کا علاج معالجہ سب وزیراعلیٰ کی ذاتی جیب سے کیا جا رہا ہے، خیبرپختونخوا حکومت کا ایک روپیہ بھی کسے جلسے پر خرچ ہوا نہیں ہوا اور نہ خرچ ہوگا۔

ترجمان کے مطابق ڈی چوک کے شہیدوں اور زخمیوں کے لیے پیسے حکومت خیبرپختونخوا کے خزانے سے ادا ہوں گےا ور کہا کہ جاں بحق ہونے والے خیبرپختونخوا کے شہری تھے جنہیں ریاست نے بے گناہ شہید کیا۔

فراز مغل کا کہنا تھا کہ جلسے جلوس کے لیے کوئی فنڈ مانگے تو کسی کو رقم نہ بھیجی جائے، کسی بھی پارٹٰی لیڈر، بینک اکاؤنٹ میں پیسے بھیجنے سے گریز کیا جائے۔

Load Next Story