پشاور:
خیبرپختونخوا حکومت نے قبائلی ضلع کرم میں غذائی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ خوراک کو آٹا اور گندم پہنچانے کی ہدایت کردی۔
وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ سرکاری گوداموں سے ملوں کو گندم کی ریلیز کا عمل شروع ہو چکا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ کرم میں غذائی قلت پر قابو پانے کے لیے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر محکمہ خوراک خیبرپختونخوا ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ضلع کرم کے عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سلسلے میں محکمہ خوراک نے ضلع کرم کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو ایک خصوصی مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے، جس میں گندم اور آٹے کی تقسیم کے عمل کو فوری اور موثر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے کرم کے عوام کو یقین دلایا گیا ہے کہ ان کے مسائل کا فوری ازالہ کیا جائے گا اور غذائی ضروریات پوری کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔