مدارس بل: اسلام آباد آئے تو گولیاں ختم ہوجائیں گی مگر ہم واپس نہیں جائیں گے، رہنما جے یو آئی

پی ٹی آئی مذاکرات کی بات کررہی ہے تو طعنے کیوں دیے جارہے ہیں؟ پی پی اور ن لیگ کا حل بھی یہی ہوگا، سینیٹرعبدالواسع


ویب ڈیسک December 12, 2024
فوٹو فائل

اسلام آباد:

جمعیت علما اسلام نے پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے بات چیت شروع کرنے کا مطالبہ کیا اور عندیہ دیا ہے کہ اگر ہم اسلام آباد آئے تو پھر آپ کی گولیاں ختم ہوجائیں گی مگر ہم واپس نہیں جائیں گے۔

سینیٹ اجلاس میں جمیعت علما اسلام کے رکن سینٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جے یو آئی ہی 2018کے الیکشن کے خلاف تحریک چلارہی تھی، جو کام پی ٹی آئی سے کروائے گئے وہی آج کی حکومت سے کروائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اگر مذاکرات کی بات کررہی تو آپ اس کو طعنے کیوں دے رہے ہیں، کوئی بھی سیاسی حکومت اپنے اختیار میں نہیں ہوتی۔

مولانا عبد الواسع نے کہا کہ چھبیسویں ترمیم پاس کروائی گئی لیکن مدارس والی ترمیم ابھی تک وہیں پر ہے، ہمیں پہلے بھی کہا جاتا تھا آپ کے ساتھ دھوکا ہوگا، پارلیمنت کے طے شدہ بل پر آپ دھوکہ دے رہے ہیں تو پی ٹی آئی آپ پر کیسے یقین کرلے گی۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا وہی حال ہوگا جو پی ٹی آئی کا ہورہا ہے، وہ اس لئے ان کو جیلوں میں ڈالتے ہیں کہ وہ کہتے ہیں ہمارے کاندھوں پر بیٹھ کر آتے ہیں اور آنکھیں بھی ہمیں دکھاتے ہیں۔

مولانا عبد الواسع نے عندیہ دیا کہ اگر مدارس کیخلاف یہ ہی سلسلہ جاری رہا تو ہم اسلام آباد آئیں گے، پھر آپ کی گولیاں ختم ہوجائیں گی مگر ہم واپس نہیں جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں