گزشتہ 10 ماہ کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں 924 افراد شہید ہوگئے، رپورٹ

سب سے زیادہ 948 واقعات خیبر پختونخوا، 582 بلوچستان، 24 سندھ، 10 پنجاب اور 2 اسلام آباد میں رونما ہوئے،


ویب ڈیسک December 12, 2024

اسلام آباد:

ملک میں گزشتہ 10 ماہ کے دوران پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں اس دوران ایک ہزار 566 واقعات رپورٹ ہوئے اور 573 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 924 افراد شہید ہوئے جبکہ انٹیلیجنس آپریشن میں 341 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دہشت گردی کے واقعات اور جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ موصول ہوئی ہے، اور اس دوران دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث 800 اور دہشت گردوں کی مالی معاونت پر2 ہزار466 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 526 مجرمان کو سی ایف ٹی کے تحت سزا دی گئی۔

دستاویز کے مطابق سال 2024 کے گزشتہ 10 ماہ کے دوران ملک میں دہشت گردی کے 1566 واقعات میں 924 افراد شہید، دو ہزار 121 زخمی اور انٹیلیجینس کی بنیاد پر 12 ہزار 801 کارروائیوں میں 341 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔

دہشت گردی کی کارروائیوں میں 573 سیکیورٹی اہلکار شہید اور ایک ہزار 353 زخمی ہوئے، دہشت گردی کارروائیوں میں 351 عام شہری شہید اور 768عام شہری زخمی ہوئے۔

دستاویز کے مطابق سب سے زیادہ 948 واقعات خیبر پختونخوا، 582 بلوچستان، 24 سندھ، 10 پنجاب اور 2 اسلام آباد میں رونما ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں 583 افراد شہید اور 1375 زخمی ہوئے، جن میں 437 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 1059 زخمی ہوئے، 146 شہری شہید اور 316 زخمی ہوئے۔

بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں شہید ہونے والے 307 افراد میں 110 سیکیورٹی اہلکاراور 197 شہری شامل ہیں، اسی طرح 644 زخمیوں میں 263 سیکیورٹی اہلکار اور 381 شہری شامل ہیں۔

صوبہ سندھ میں دہشت گردی کی 24 کارروائیوں میں 17 افراد شہید اور 38 زخمی ہوئے جن میں 13 سیکورٹی اہلکار شہید اور 11 زخمی ہوئے،  4 شہری شہید اور 27 زخمی ہوئے۔

پنجاب میں دہشت گردی کے 10 واقعات میں 16 افراد شہید اور 63 زخمی ہوئے، جن میں 13 سیکورٹی اہلکار شہید اور 19 زخمی ہوئے، 3 شہری شہید اور 44 زخمی ہوئے۔

وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردی کے دو واقعات میں ایک شہری شہید اور ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوا۔

دستاویز کے مطابق گزشتہ 10 ماہ کے دوران ملک بھر میں 12 ہزار 801 انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں، جس میں 341 دہشت گرد ہلاک اور دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث 800 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ریاست مخالف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث 400 افراد کو پنجاب، 203 کو خیبر پختونخوا، 173 کو بلوچستان، 21 کو سندھ اور 3 افراد کو گلگت بلتستان سے گرفتار کرکے فورتھ شیڈول میں ڈالا گیا۔

دستاویز کے مطابق دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت پر دو ہزار 466 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 526 مجرمان کو سی ایف ٹی کے تحت سزا دی گئی، اسی طرح دہشت گردوں سے منسلک 58 کروڑ روپے کی رقم وصول ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں