بالی ووڈ کے سپر اسٹار اجے دیوگن، جو بلاک بسٹر اور ہٹ فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں، کی 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم "میدان" باکس آفس پر مکمل فلاپ ثابت ہوئی۔ کھیلوں پر مبنی اس ڈراما فلم کو شائقین کی جانب سے پسندیدگی نہ مل سکی، حالانکہ ناقدین نے اس کی تعریف کی۔
فلم میدان ایک بایوپک تھی، جو بھارتی فٹبال کوچ سید عبدالرحیم کی زندگی پر مبنی تھی۔ یہ فلم ایڈ کی مناسبت سے ریلیز کی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ ناظرین کو متوجہ کیا جا سکے، مگر یہ حکمت عملی ناکام رہی۔
250 کروڑ کے بڑے بجٹ کے ساتھ بننے والی اس فلم نے پہلے ہفتے میں صرف 28.35 کروڑ کمائے۔ دوسرے ہفتے میں 10.25 کروڑ، اور تیسرے ہفتے میں بمشکل چند کروڑ کا بزنس کیا۔ عالمی سطح پر فلم کی کل کمائی تقریباً 68 کروڑ رہی، جس سے فلم کے پروڈیوسرز کو 180 کروڑ کا زبردست نقصان ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فلم کے موضوع اور شائقین کی توقعات کے درمیان فرق اس کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ تھی۔ اس کے علاوہ، ایک ہی وقت میں اکشے کمار کی فلم "بڑے میاں چھوٹے میاں" بھی ریلیز ہوئی، جس نے میدان کی آمدنی کو مزید متاثر کیا۔
باکس آفس پر ناکامی کے بعد، میدان کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کر دیا گیا تاکہ پروڈیوسرز کو کچھ حد تک نقصان پورا کرنے کا موقع مل سکے۔