جاوید اختر سے تعلق ختم کرنے کی کوشش کی، شبانہ اعظمی کا انکشاف

میری والدہ نے مجھے شاعروں اور ادیبوں سے بچنے کا مشورہ دیا تھا، اداکارہ

معروف اداکارہ شبانہ اعظمی نے اپنی 40 سالہ شادی شدہ زندگی کے بارے میں دلچسپ باتیں شیئر کیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں، شبانہ نے بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر، معروف شاعر اور لکھاری جاوید اختر، ایک وقت میں اپنے تعلق کو ختم کرنے پر غور کر رہے تھے۔

شبانہ اعظمی نے ریڈیو نشا سے بات کرتے ہوئے کہا، "میری والدہ نے مجھے شاعروں اور ادیبوں سے بچنے کا مشورہ دیا تھا۔ وہ کہتی تھیں کہ یہ لوگ اچھے اچھے الفاظ کہہ کر پھنسا لیتے ہیں، اور میں واقعی پھنسا لی گئی۔"

انہوں نے مزید کہا کہ ایک وقت پر حالات کی سختی کی وجہ سے انہوں نے جاوید اختر سے بات چیت بند کر دی تھی۔ "ہم نے تین مہینے تک بات نہیں کی۔ پھر ایک آخری ملاقات کے لیے ملے، لیکن اس ملاقات میں ہم نے بات چیت کے دوران اپنے تعلق کو ختم کرنے کا ارادہ ترک کر دیا۔"

شبانہ اعظمی نے جاوید اختر کی انصاف پسندی اور عاجزی کو ان کی بہترین خصوصیات قرار دیا۔ انہوں نے کہا، "جاوید بہت منصف مزاج ہیں، اور چھوٹے لوگوں سے بہت نرمی سے بات کرتے ہیں۔ ان کا مزاح، ذہانت اور ویلیو سسٹم مجھے بہت پسند ہے۔"

شبانہ اعظمی اور جاوید اختر نے حال ہی میں اپنی شادی کی 40ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر دونوں نے اپنی محبت اور مشترکہ خوابوں کو سراہا، اور ان کی زندگی کے انمول لمحات کو یاد کیا۔

 

Load Next Story