کراچی:
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کیا ہے۔
16 دسمبر سے پی ایس بی کوچنگ سینٹر پرشروع ہونے والے ایونٹ کے حوالے سے کراچی جیمخانہ میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خواتین کے ایونٹس کی پذیرائی ہو،طلبا اور نوجوان قوم کا مستقبل ہوتے ہیں، ہمیں اپنی نئی نسل کو مثبت چیزیں دینی ہیں، حکومت سندھ اس طرح کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خواتین کی ترقی اوران کو بااختیار بنانا پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح رہی ہے، حکومت سندھ نے ہمیشہ خواتین کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا، ان کے مالکانہ حقوق بھی خواتین کو دیے گئے، حکومت سندھ قومی ویمن والی بال ٹورنامنٹ کو کامیاب تر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی،اس سے قبل حکومت سندھ نے ویمن ہاکی کو فروغ دیا،مثبت سرگرمیوں میں خواتین کی حوصلہ افزائی کریں گے، صحت مند معاشرہ بنانے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی با اختیار خواتین پر یقین رکھتی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اس کا جیتا جاگتا ثبوت ہے، حکومتی پالیسی کے تحت خواتین کو 12،12 ایکڑ زرعی زمینیں الاٹ کی گئیں، خواتین کو کھیلوں کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی،ان کی ترقی کے لیے کوچز کی تعیناتی کو ممکن بنایا جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت اکیڈمی کے لیے جگہ فراہم کرے گی، امریکی شہر کیلی فورنیا میں پاکستانی کمیونٹی کےتحت قائم ایمپاور اسپورٹس اکیڈمی کے زیر اہتمام پاکستان کے پہلےقومی ویمن والی بال ٹورنامنٹ میں ملک بھی سے 60 سے زائد ٹیموں کی 6سو کے لگ بھگ کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گی،فائنل اور اختتامی تقریب 23 دسمبر کو ہوگی۔
اس موقع پر پاکستان ویمن والی بال ونگ کی چئیر پرسن و اکیڈمی کی مشترکہ بانی ملیکہ جنید، عائشہ جنید، سابق رکن قومی اسمبلی خوش بخت شجاعت،حنا فرحان عیسیٰ اور ڈاکٹر نیئر جبیں نے بھی اظہار خیال کیا۔