’پی ٹی آئی کے تمام جلسوں کے اخراجات وزیراعلیٰ گنڈا پور نے اپنی جیب سے ادا کیے‘

وزیراعلیٰ گنڈا پور نے جلسوں کے اخراجات، زخمی کارکنوں کے علاج اور ضمانتی مچلکے بھی جیب سے ادا کیے، ترجمان سی ایم

پشاور:

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی کے تمام جلسوں کے اخراجات ذاتی جیب سے اداکرنے کا دعوی کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلی کے ترجمان فراز مغل کا کہنا ہے کہ اب تک تحریک انصاف کے ہونے والے تمام جلسوں کے اخراجات، ٹرانسپورٹ، خوراک اور کرینوں کے انتظامات علی امین نے ذاتی جیب سے ادا کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسوں کے اخراجات اور کارکنوں کی ضمانتوں کے لیے مچلکے اور زخمیوں کا علاج معالجہ سب وزیراعلیٰ کی ذاتی جیب سے کیا جا رہا ہے، خیبرپختونخوا حکومت کا ایک روپیہ بھی کسی جلسے پر خرچ نہیں ہوا اور نہ ہوگا۔

ترجمان کے مطابق ڈی چوک کے شہیدوں اور زخمیوں کے لیے پیسے حکومت خیبرپختونخوا کے خزانے سے ادا ہوں گے اور کہا کہ جاں بحق ہونے والے خیبرپختونخوا کے شہری تھے جنہیں ریاست نے بے گناہ شہید کیا۔

انہوں نے کہا کہ جلسے جلوس کے لیے کوئی فنڈ مانگے تو کسی کو رقم نہ بھیجی جائے، کسی بھی پارٹی لیڈر، بینک اکاؤنٹ میں پیسے بھیجنے سے گریز کیا جائے۔

Load Next Story