پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جیسن گلیسپی کا استعفیٰ قبول کر کے عاقب جاوید کو ریڈ بال کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔عاقب جاوید کا پہلا اسائنمٹ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہوگا۔
اس سے قبل جیسن گلیسپی نے پی سی بی کی جانب سے اسسٹنٹ کوچ ٹِم نیلسن کے معاہدے کی توسیع نہ کرنے پر عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق ٹِم نیلسن کے معاہدے کی میعاد گزشتہ ماہ دورہ آسٹریلیا کے بعد پوری ہوگئی تھی۔ ان کو رواں برس اگست میں ہائی پرفارمنس ریڈ بال کوچ تعینات کیا گیا تھا۔
اسسٹنٹ کوچ نے بتایا کہ پی سی بی نے انہیں مطلع کیا ہے کہ ادارے کو اب ان کی خدمات کی مزید ضرورت نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا مستعفی ہونے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق جیسن گلیسپی نے بورڈ کو بتایا کہ ان کا جنوبی افریقا نہ جانے کا فیصلہ ذاتی وجوہات کی بنا پر ہے۔ ان کو کل یعنی بروز جمعہ پری ٹیسٹ کیمپ کے لیے جنوبی افریقا پہنچنا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ٹِم نیسلن کے متعلق فیصلہ کرتے وقت بورڈ نے ان سے مشورہ نہیں کیا جس سے ان کے بورڈ پر عدم اعتماد میں مزید اضافہ ہوا۔
مزید پڑھیں: بابراعظم کے خلاف مبینہ ہراسگی کیس، عدالت نے کیا کہا؟
واضح رہے جیسن گلیسپی انتظامیہ میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں سے مطمئن نہیں تھے۔ اکتوبر میں انہیں ٹیسٹ ٹیم کے سلیکشن پینل سے ہٹا کر ان کا کردار ’میچ-ڈے اسٹریٹجسٹ‘ تک محدود کر دیا گیا تھا۔