پاکستانیوں کے بحفاظت انخلا کے اقدامات کرنے پر وزیر اعظم کا متعلقہ حکام کو خراج تحسین

وزیراعظم نے لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی کا بھی شکریہ ادا کیا


ویب ڈیسک December 13, 2024
پاک فضائیہ کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، شہباز شریف:فوٹو:فائل

اسلام آباد:

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شام سے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات پر متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کیا۔

 وزیراعظم نے خود اس عمل کی نگرانی کی اور شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلاء کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے پر وزارتِ خارجہ اور این ڈی ایم اے کے حکام کی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور وزارتِ خارجہ نے شام سے پاکستانی شہریوں کے انخلاء کے لیے مشترکہ فلائیٹ آپریشن شروع کیا، جس کے تحت 318 پاکستانی شہریوں کو بیروت، لبنان سے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچا دیا گیا۔

وزیراعظم نے لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی کا شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے بیروت کے راستے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بھرپور تعاون فراہم کیا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کا استقبال کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے شہریوں کی حفاظت اور بہبود کے لیے پرعزم ہے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتی رہے گی۔

اسلام آباد پہنچنے والے 318 پاکستانی شہریوں میں زائرین اور دیگر افراد شامل ہیں جنہیں ایک دن پہلے شام سے بیروت، لبنان منتقل کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں