چیمپئینز ٹرافی؛ ٹورنامنٹ کو ٹی20 فارمیٹ پر کروائے جانے کی باز گشت

ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کو تبدیل کرنے سے متعلق کوئی باضابطہ فیصلہ سامنے نہیں آیا

چیمپئینز ٹرافی کے تنازع پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی بورڈ کے درمیان معاملات تاحال ڈیڈ لاک کا شکار ہیں۔


ایونٹ کے ہوسٹ ملک پاکستان نے بھی بھارتی بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو دوٹوک الفاظ میں اپنے موقف پر کُھل کا وضاحت پیش کردی ہے اور چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارت نے ایونٹ کے آغاز سے محض 100 روز قبل سیکیورٹی کا بہانہ بناکر اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے صاف انکار کردیا تھا تاہم پاکستان نے اس بار سخت موقف اپنایا اور ایونٹ کے ہائبرڈ ماڈل پر کروانے کی بھارتی شرط پر فیوژن ماڈل تجویز کیا کہ اگر انڈین ٹیم پاکستان نہیں آتی تو ہماری ٹیم بھی اگلے آئی سی سی ایونٹس کیلئے ہندوستان نہیں جائے گی۔

مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی کے معاملات ادھورے چھوڑ کر جے شاہ کا دورہ آسٹریلیا، سوالات اٹھنے لگے

رپورٹس کے مطابق اس فارمولے پر بھارتی بورڈ کشمکش کا شکار ہے کیونکہ پاک بھارت میچ سے حاصل ہونیوالا رینیو بھی دوسرے ملک جائے گا یوں بھارتی بورڈ آئی سی سی پر دباؤ بڑھا کر کوشش کررہا ہے کہ ایونٹ کو پاکستان سے منتقل کردیا جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھارتی کرکٹ بورڈ یا آئی سی سی سے اس فارمولے پر تاحال کوئی باضابطہ جواب نہیں ملا ہے۔ تاہم اب بھارتی میڈیا کی جانب سے ایک اور پیش رفت سامنے آئی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی جو ون ڈے فارمیٹ میں ہونی ہے، وہ اب ٹی20 فارمیٹ میں کھیلی جاسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی پرومو؛ براڈکاسٹرز نے دوغلے پن کا مظاہرہ کرڈالا

بھارت کی کرکٹ ویب سائٹ کرک بز نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی کے تنازع کے حل میں تاخیر کی وجہ سے ایونٹ کو روایتی ون ڈے فارمیٹ سے تبدیل کرکے ٹی20 فارمیٹ میں کرائے جانے کا امکان ہے۔

یہ ممکنہ تبدیلی ون ڈے کرکٹ کی گرتی ہوئی مقبولیت اور شائقین میں ٹی20 میچز کی بڑھتی ہوئی پسندیدگی کے باعث کی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ بھارت اپنا کوئی ایونٹ ہائبرڈ کرانے پر راضی نہیں ہوا

دوسری جانب براڈکاسٹرز اور آئی سی سی کی جانب سے ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کو تبدیل کرنے سے متعلق کوئی باضابطہ فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ اگلے برس چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے سپرد ہے جسکا انعقاد فروری اور مارچ میں شیڈول ہے۔

Load Next Story