ڈی چوک سے گرفتار 3 کم عمر بچوں کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی


ویب ڈیسک December 13, 2024

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک سے گرفتار 3 کم عمر بچوں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ڈی چوک سے گرفتار کیے گئے 3 کم عمر بچوں کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار 14 سالہ بچے سیام کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بچہ 21 اکتوبر کو اپنی والدہ کے ساتھ افغانستان سے علاج کروانے اسلام آباد آیا۔ شہزاد ٹاؤن سے بچے کو گھر سے اٹھا کر تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ ڈال دیا۔ بچہ واپس افغانستان جائے گا۔

عدالت نے پولیس کی جانب سے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ریکارڈ کب تک آئے گا۔ دوسری درخواستیں بھی لگی ہیں۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ڈیڑھ گھنٹے تک پولیس ریکارڈ لے کر پہنچ جائے گی۔ عدالت نے 14 سالہ بچہ کی 10 ہزار روپے مچلکوں پر ضمانت منظور کر کے رہا کرنیکا حکم دیا۔

ڈی چوک سے گرفتارمزید 2 کم عمر بچوں کی درخواست ضمانتیں بھی منظور کرلی گئیں۔ بچوں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم سمندر خان 16 اور شہزاد خان 17 سال کا ہے۔ دونوں بچوں کو گھر سے اٹھا کر پولیس نے تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ ڈال دیا۔ عدالت نے 10،10 ہزار روپے کے مچلکوں پر ضمانت منظور کرکے رہا کرنے کا حکم دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں