کراچی:
جدہ جانے والے مسافر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق تعلیمی اداروں سمیت ملک بھر میں منشیات کی فروخت اور اسمگلنگ کے خلاف مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن جاری ہے، اسی سلسلے میں کراچی سے جدہ جانے والے مسافر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔
اے این ایف نے 11 مختلف کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کرکے 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 712.938 کلو گرام منشیات برآمد کی۔
تعلیمی اداروں میں کارروائیاں
اے این ایف حکام نے اٹک میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 19 گرام آئس برآمد کرلی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا۔
اے این ایف کی دیگر کارروائیاں
حکام نے کراچی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر سے 3 کلو آئس برآمد کرلی۔ اسی طرح اسلام آباد میں کوریئر آفس کے ذریعے نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل سے 970 گرام آئس برآمد ہوئی ہے۔
اُدھر لاہور ائرپورٹ پر کوریئر آفس سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے لیڈیز بیگ میں چھپائی گئی 199 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔
دریں اثنا چمن کے غیر آباد علاقے میں چھپائی گئی 500 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ علاوہ ازیں چونیاں بائی پاس قصور میں فیکٹری کے قریب گاڑی سے 80.4 کلو چرس اور 45.6 کلو افیون برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
دوسری جانب کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب سے 38 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ اس کے علاوہ شامکوٹ موٹر وے ٹول پلازہ خانیوال کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 36 کلو چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اُدھر درہ آدم خیل کوہاٹ سے 6 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ مانسہرہ میں کے کے ایچ روڈ کے قریب گاڑی سے 1.8 کلو چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ جی ٹی روڈ راولپنڈی سے ملزم سے 950 گرام آئس برآمد کرلی گئی ہے۔
مختلف کارروائیوں میں گرفتار تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔