راولپنڈی:
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر یوب نے کہا ہے کہ حکومت سے ابھی مذکرات نہیں ہوئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے ہماری جو پانچ رکنی کمیٹی بنائی تھی وہ بنی ہوئی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے مزید کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے ساتھ مذاکرات نہیں صرف ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے قومی اسمبلی سے خطاب میں حکومت کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ 9 مئی کی دھول کو بیٹھنا چاہیے، ایوان سے انصاف لینا چاہتے ہیں، ہمیں دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کیا جائے، پارلیمنٹ ہمیں راستہ فراہم کرے۔
بیرسٹر گوہر نے ڈپٹی اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے مگر اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔
دوسری جانب حکومتی ارکان نے پی ٹی آئی سے مذاکرات پر مشروط رضامندی ظاہر کرتے ہوئے سول نافرمانی کا اعلان واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ روز سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سول نافرمانی کی تحریک لٹکا کر مذاکرات نہیں ہوسکتے، تحریک انصاف کو پرانے طریقے ختم کرنا ہوں گے۔
انکا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی بات کرنا چاہتی ہے تو بسم اللہ ہم تیار ہیں مگر تحریک انصاف کو اعتماد بحال کرنا ہوگا۔