فواد چوہدری کی سیاست بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، اہلیہ حبا

جیسا بانی چیئرمین حکم کریں گے ویسا کریں گے، میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی:

سینئر سیاستدان فواد چوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کی سیاست بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں حبا چوہدری نے کہا کہ دیکھتے ہیں مذاکرت میں کیا ہوتا ہے، جوڈیشل کمیشن بنتا ہے یا نہیں ابھی تو سیاسی صورتحال بہت خراب ہے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔

حبا چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری کہہ چکے ہیں کہ میری سیاست بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، جیسا بانی چیئرمین حکم کریں گے ویسا کریں گے۔

یاد رہے کہ عمران خان کے دور میں وزیر اطلاعات رہنے والے فواد چوہدری نے 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کے دوران سیاست سے بریک لینے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے 24 مئی کو ایکس پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میں نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور عمران خان سے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں۔

فواد چوہدری کو پی ٹی آئی کی ٹوٹ پھوٹ کرکے بنائی گئی جہانگیر ترین اور علیم خان کی استحکام پاکستان پارٹی کے ایک اجلاس میں بھی دیکھا گیا تھا۔

فواد چوہدری 2008 میں سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ کا حصہ اور انکے ترجمان بھی رہے جبکہ وہ کچھ روز مسلم لیگ ق میں بھی رہے۔

مارچ 2012 میں وہ آل پاکستان مسلم لیگ چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے اور انہیں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا معاون خصوصی برائے اطلاعات و سیاسی امور مقرر کیا گیا۔ 2013 میں وہ بلاول بھٹو کے ترجمان بھی رہے۔

جون 2016 میں انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور 2018 میں جہلم سے الیکشن جیت کر وزیر اطلاعات مقرر کیے گئے تھے۔

Load Next Story