کراچی:
عدالت نے 12 مئی مقدمات میں سابق میئر کراچی وسیم اختر کو امریکا جانے کی اجازت دے دی۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ 12 مئی کے 7 مقدمات میں ایم کیو ایم کے رہنما و سابق میئر کراچی وسیم اختر کی امریکا جانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
وکیل صفائی نے دوران سماعت مؤقف دیا کہ وسیم اختر کی بیٹی کی امریکا میں گریجویشن مکمل ہوگئی ہے۔ وسیم اختر بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے امریکا جانا چاہتے ہیں، انہیں جانے کی اجازت دی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے وسیم اختر کو امریکا جانے کی اجازت دے دی جب کہ تفتیشی حکام کی جانب سے گواہان کو پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور گواہوں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
عدالت نے تفتیشی حکام کو آئندہ سماعت پر گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دیدیا اور سماعت 4 جنوری تک ملتوی کردی۔
پولیس کے مطابق 12 مئی 2007 کو کراچی میں دہشت گردی، ہنگامہ آرائی اور قتل و غارت گری کی گئی تھی۔ مقدمات میں ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر سمیت 22 ملزمان ضمانت پر رہا ہیں۔ سانحہ 12 مئی کے مقدمات تھانہ ایئر پورٹ میں درج کیے گئے تھے۔