امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حریف ملک چین کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے پچھلے دور میں چین کے ساتھ اقتصادی جنگ چھیڑنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بار خود چین کو مثبت پیغام بھیجا ہے۔
امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 20 جنوری کو ہونے والی اپنی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے چین کے صدر شی جنپنگ کو بھی دعوت نامہ بھیجا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوت نامہ بھیج کر جس خیرسگالی کا اظہار کیا ہے، دیکھنا ہے کہ چین کی جانب سے اس پر کیا ردعمل آتا ہے۔
امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ چینی صدر تقریب حلف برداری میں خود شرکت کرتے ہیں یا اپنے کسی نمائندے کو بھیجتے ہیں اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی سمت کا پتا چلے گا۔
امریکا چین تعلقات پر گہری نگاہ رکھنے والے تجزیہ کاروں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں چینی صدر کی شرکت کے امکان بہت کم ہیں۔
چین کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شی جنپنگ کی شرکت سے متعلق تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔