سیکیورٹی فورسز کی کے پی اور بلوچستان میں کارروائیاں، 43 خوارج ہلاک

ہلاکتیں 9 دسمبر سے جاری آپریشن میں ہوئیں، کارروائیاں لکی مروت، موسیٰ خیل، پنجگور اور دیگر علاقوں میں کی گئیں


ویب ڈیسک December 13, 2024

سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں ایک اور بلوچستان میں دو کارروائیوں میں 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، چند روز کے دوران کے پی اور بلوچستان میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 43 ہوگئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 9 دسمبر سے اب تک خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 43 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے، آپریشن سے فتنة الخوارج اور بلوچستان میں سرگرم دیگر دہشت گرد گروہوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

لکی مروت میں آپریشن، 6 خوارج ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی رات کو ضلع لکی مروت میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور آپریشن کے نتیجے میں 6 خوارج ہلاک ہوئے جب کہ 9 دسمبر سے خیبر پختونخوا میں اب تک 18 خوارج کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے۔

بلوچستان میں دو کارروائیوں میں 10 دہشت گرد ہلاک

اسی طرح بلوچستان میں 13 دسمبر کو موسٰی خیل اور پنجگور کے اضلاع میں دو علیحدہ آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، 9 دسمبر سے اب تک بلوچستان میں 25 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک علاقے میں مکمل امن بحال نہیں ہو جاتا اور خوارج کا مکمل صفایا نہیں ہو جاتا، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں