کوئٹہ:
سیکیورٹی فورسزنے بلوچستان میں دو مختلف کارروائیوں میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جس کے بعد بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 9 دسمبر سے اب تک ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 43 ہوگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 9 دسمبر سے اب تک خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 43 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ان کارروائیوں سے فتنة الخوارج اور بلوچستان میں سرگرم دیگر دہشت گرد گروپس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی رات کو ضلع لکی مروت میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 6 خوارج ہلاک ہوگئے۔
کارروائیوں سے متعلق مزید بتایا گیا کہ 9 دسمبر سے خیبر پختونخوا میں اب تک 18 خوارج کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے۔
اسی طرح بلوچستان میں 13 دسمبر کو موسٰی خیل اور پنجگور کے اضلاع میں دو علیحدہ آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 9 دسمبر سے اب تک بلوچستان میں 25 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک علاقے میں مکمل امن بحال نہیں ہو جاتا اور خوارج کا مکمل صفایا نہیں ہو جاتا اورپاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔