معمولی کمی کے بعد ملک میں مہنگائی کی شرح پھر بڑھنے لگی

حالیہ ہفتے مہنگائی میں0.07 فیصد کی معمولی شرح کے حساب سے اضافہ ہوا، وفاقی ادارہ شماریات


ارشاد انصاری December 13, 2024

اسلام آ باد:

ملک میں مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی کے بعد پھر سے اضافہ ہوگیا، حالیہ ہفتے مہنگائی میں0.07 فیصد کی معمولی شرح کے حساب سے اضافہ ہواہے اور سالانہ بنیادوں پرمہنگائی کی شرح 3.71 فیصد رہی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے میں 18 اشیاء مہنگی اور 11 اشیاء سستی ہوئیں جبکہ22 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران آلو کی قیمتوں میں1.93فیصد،چکن کی قیمتوں میں3.80فیصد،کیلا 1.99 فیصد، واشنگ سوپ 0.80 فیصد،سرسوں کا تیل 1.07 فیصد، انرجی سیور0.31 فیصد، ایل پی جی 0.28فیصد،  سگریٹ 0.26 فیصد اورگھی کی قیمتوں میں0.52 فیصد اضافہ ہوا۔

 اس کے برعکس دال چنا کی قیمتوں میں1.19فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں0.59 فیصد، پیاز3.58 فیصد، ٹماٹر3.10فیصد، انڈے2.14 فیصد، لہسن 1.58 فیصد، آٹا 0.58 فیصد، آگ جلانے والی لکڑی 0.16 فیصد اورچاول کی قیمتوں میں0.75فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ 

 اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.03 فیصد اضافے کے ساتھ3.68فیصد، اور 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 0.05 فیصد اضافے کے ساتھ 3.66 فیصد رہی ہے۔ 

اسی طرح  22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.07 فیصد اضافے کے ساتھ 3.95 فیصد،اور 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.07 فیصدکمی کے ساتھ 3.65فیصد رہی ہے۔

اسی طرح  44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح0.08 فیصد کمی کے ساتھ 3.69 فیصد رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں