ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث صحافیوں، وی لاگرز کیخلاف مقدمات درج،ایک گرفتار

ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے راولپنڈی سے ملزم الیاس اعوان کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد:

ایف آئی اے نے ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے میں ملوث صحافیوں، وی لاگرز سمیت سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کے خلاف مقدمات درج کرلیے، ایک کو راولپنڈی سے گرفتار کرلیا گیا۔ 

ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس ( ٹویٹر) پر ریاستی اداروں کے خلاف جھوٹا بیانیہ پھیلانے ، لوگوں کو اکسانے کے الزامات کے  تحت صحافی ہرمیت سنگھ  کے خلاف  مقدمہ درج کیا جس کی ایف آئی آر بھی سامنے آگئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دیگر صحافیوں اور وی لاگرز کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، صحافی ہرمیت سنگھ کے خلاف ایف آئی آر میں درج کیا گیا ہے کہ مذکورہ صحافی نے  اپنے ٹویٹر پروفائل کے ذریعے پاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف بدنیتی پر مبنی بیانیہ پھیلایا۔

 ایف آئی آر میں پی ٹی آئی کے  24 سے 27 نومبر 2024 کے واقعات پر پروپیگنڈا کیے جانے کا ذکر بھی شامل  ہے، ہرمیت سنگھ کے خلاف  مقدمہ (پیکا ایکٹ ) پریوینشن آف  الیکٹرانک کرائم  ایکٹ  2016 کے سیکشن 9، 10، 11 اور 24  اور 505 پی پی سی کے تحت درج کیا گیا ہے۔ 

 دیگر صحافیوں اور ولاگرز کے حوالے سے درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے ایف آئی اے ترجمان سے دریافت کیا گیا تو انھوں نےچیک کرکے مزید معلومات فراہم کرنے کا کہا لیکن بعد میں نہ تو معلومات فراہم کی گیں نہ ہی کال اٹینڈ  کی گئی۔

 دوسری جانب راولپنڈی کے حوالے سے حکام کا کہنا تھا کہ ایک کارروائی میں ایف آئی اے سائبر کرائم  راولپنڈی نے ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے میں ملوث ملزم  الیاس اعوان کو چھاپہ مارکر راولپنڈی سے گرفتار کرلیا ہے، جبکہ ملزم افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا اور  ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر ڈس انفارمیشن پھیلانے میں ملوث تھا۔  ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور دیگر شواہد برآمد کر لیے گئے۔ 

 حکام کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے  جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاریوں کے لیےچھاپے جاری ہیں۔ 

Load Next Story