اسلام آباد میں 29 دسمبر کوعظیم الشان ملین مارچ ہوگا، امیر جماعت اسلامی

حکومت اور اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان


ویب ڈیسک December 13, 2024
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان منصورہ میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے—فوٹو: اسکرین گریب

لاہور:

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ 29 دسمبر کو اسلام آباد میں اہل غزہ و فلسطین کے حق میں عظیم الشان ملین مارچ ہو گا۔

لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالا دستی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا، ملک میں پُرامن سیاسی کلچر کو پروان چڑھایا جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فوج اور عوام کے درمیان دوریاں بڑھانے کے بجائے کم کرنے کی ضرورت ہے، جمہوری آزادیاں سلب کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں برسوں سے آئی پی پیز کا دھندا جاری ہے، ہم نے دھرنا دے کر ایک بھر پور عوامی تحریک سے آئی پی پیز کے مسئلے کو اُٹھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز بند ہونے کا فائدہ عوام تک منتقل نہیں ہوا ہے، حکومت عوام کو بجلی، پیٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے ریلیف دے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اہل غزہ اور فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے، عالمی طاقتیں اسرائیلی افواج کو مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 29 دسمبر کو اسلام آباد میں اہل غزہ و فلسطین کے حق میں عظیم الشان ملین مارچ ہو گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں