اسلام آباد:
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ مذاکرات کا حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دونوں کو فائدہ نہیں ہو گا اوراگر ملزمان کو بچانے کی کوششوں نہ ہوتی تو اب تک 9 مئی واقعات کا فیصلہ ہوچکا ہوتا۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام ‘سینٹر اسٹیج’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے مذاکرات کرنے ہوتے ہیں ان کے ایسے رویے نہیں ہوتے میں دونوں جانب سے رویوں کی بات کر رہا ہوں، ایک جانب یہ گریبان پکڑے ہوئے تو دوسری جانب پاوں پکڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک جانب مذاکرات تو دوسری جانب سول نافرمانی کی باتیں ہو رہی ہیں، ایسی صورت حال میں حکومت کیسے مذاکرات کر سکتی ہے، مذاکرات کا حکومت اور پی ٹی آئی دونوں کو فائدہ نہیں ہو گا۔
پی ٹی آئی کے انتخابات میں دھاندلی سے متعلق کمیشن بنانے کے مطالبے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ پورا سچ بولا جائے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ مرضی کا کمیشن بنا لیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ہم نے 2018 کے انتخابات کے حوالے سے کمیشن بنانے کی بات نہیں کی تھی، کیا ہمارے مطالبے پراس وقت کمیشن بنایا گیا، اب کمیشن کون بنائے گا، 2015انتخابات کے معاملے پر کمیشن کون بنائے گا، دونوں انتخابات 2018 اور 2024 کے الگ الگ بینیفیشری تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے 2018 کے انتخابات کا نتیجہ بتانا پڑے گا، دونوں کا الگ الگ مؤقف ہے، دونوں جماعتیں کوئی متفقہ فیصلہ کیوں نہیں کرلیتیں۔
پروگرام کے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کا جرم یہ ہے کہ حکومت گرانے، 9 مئی اور آرمی چیف تعیناتی پرایسی منصوبہ بندی کی جو آج تک کسی نے نہیں کی، یہی ان کا جرم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر جماعتوں کے لوگ بھی فیضیاب ہوتے رہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا فیض حمید خود سے آرمی چیف بن سکتے تھے، صدارتی نظام لانا ان کا منصوبہ تھا، یہ نہیں ہوسکتا کہ فیض حمید خاموش رہتے یہ سب ملے ہوئے تھے، ایک کو نکال اور باقی دو کو چھوڑ دیں تو ایسے انصاف کو کوئی قبول نہیں کرے گا۔
جاوید لطیف نے کہا کہ میں نے کسی کو بچانے یا نام لینے سے کبھی گریز نہیں کیا، ملزمان کو بچانے کی کوشش نہ کی جاتی تو اب تک 9 مئی واقعات کا فیصلہ ہو چکا ہوتا۔