پاکستان پیپلز پارٹی کے شہید بے نظیرآباد ڈویژن نے صوبائی صدر نثار کھوڑو کی زیر صدارت زرداری ہاؤس میں اجلاس کا انعقاد کیا اجلاس میں ڈویژنل اور ضلعی عہدیداران اور منتخب نمائندگان نے شرکت کی۔
نوابشاہ میں ہونے والے پیپلز پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سب سے بڑی عوامی پارٹی ہے جس میں قائدین سے لیکر کارکنوں تک کا لہوشامل ہے، بے نظیر بھٹو کی برسی پر 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں بہت بڑا تاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا اوراس جلسے سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔
صوبائی صدر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی عوام کی امیدوں کا مرکز ہے ہم عوام کی خدمت کر رہے ہیں اجلاس میں شریک نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ پارٹی نے عوام کی خدمت کے لیےآپ کو چن کر منتخب کرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو شکایت کا موقع ہرگز نہ دیں اگر شکایت آئی تو پھر ان کے خلاف سخت قدم اٹھایا جائے گا جیالوں کا جوش و جذبہ دیکھ کر یقین ہوگیا کہ آپ لوگ بلاول بھٹو کو عوام کی طاقت سے وزیراعظم بنا کر دم لیں گے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر سالم زرداری نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو کی برسی میں شہید بینظیر آباد ضلع سے 14 ہزار افراد کا قافلہ شرکت کرے گا۔